
وفاقی حکومت نے نہال ہاشمی کو سندھ کا نیا گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے تقرری کی سمری منظوری کیلئے آصف علی زرداری کو ارسال کر دی ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے نہال ہاشمی سے ملاقات بھی کی اور انہیں گورنر سندھ تعینات کیے جانے پر مبارک باد دی۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے۔ وہ پیشے کے لحاظ سے وکیل اور سیاست دان ہیں اور مارچ 2015 سے فروری 2018 تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن رہ چکے ہیں۔
وہ 1997 سے 1999 تک اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قانون، انصاف اور انسانی حقوق بھی رہے۔
نہال ہاشمی پارٹی کے صوبائی عہدوں پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ انہیں 2012 میں کراچی میں پاکستان مسلم لیگ ن کا صدر مقرر کیا گیا جبکہ 2014 میں انہیں سندھ میں پارٹی کا جنرل سیکرٹری بنایا گیا۔
بعد ازاں وہ 2015 کے سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کے طور پر منتخب ہو کر سینیٹر بنے۔ تاہم یکم فروری 2018 کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین عدالت کے ایک کیس میں انہیں ایک ماہ قید کی سزا سنائی اور پانچ سال تک عوامی عہدہ رکھنے سے نااہل قرار دیا تھا۔
