
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت سے…
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت سے متعلق کل ہونے والی اپنی تمام مصروفیات منسوخ کردی ہیں۔
جمعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سانحہ اسلام آباد کے پیش نظر میں بسنت کے حوالے سے کل شیڈول تمام سرگرمیاں منسوخ کر رہی ہوں۔ انہوں نے لبرٹی اسکوائر پر بسنت میگا شو بھی منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
مریم نواز نے کہا کہ قومی سانحے پر یکجہتی کے اظہار کے لیے فیصلہ کیا گیا، قوم خوارجی فتنے اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف متحد رہے۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ خوارجی عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے، ملک کے دفاع کے لیے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنا وقت کی ضرورت، پاکستان زندہ باد!۔
ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ پاکستانی قوم کو مایوسی یا نا امیدی کو خود پر حاوی نہیں ہونے دینا چاہیے بلکہ وقت آ گیا ہے کہ آج ہی ایک واضح اور دوٹوک فیصلہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہوا جائے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو ہر قسم کی تقسیم سے بالاتر ہو کر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف یک آواز ہونا ہوگا اور ملک سے امن و خوشحالی واپس حاصل کرنی ہوگی جو تشدد کے ذریعے چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
