
ٹرمپ نے ٹیرف کے لیے کانگریس کی منظوری نہیں لی، امریکی عدالت
امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایمرجنسی ٹیرف اقدام کو غیر قانونی قرار دے دیا، جو انہوں نے قومی ایمرجنسی کے قانون کے تحت عائد کیے تھے۔ عدالت عظمیٰ نے واضح کیا کہ انٹرنیشنل ایمرجنسی اکنامک پاورز ایکٹ صدر کو ٹیرف عائد کرنے کا اختیار نہیں دیتا۔ صدر ٹرمپ نے پاکستان سمیت متعدد ممالک پر گذشتہ برس ٹیرف عائد کیا تھا۔
بر طانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عدالتِ عظمٰی نے واضح کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ٹیرف کے لیے کانگریس کی منظوری نہیں لی اور یہ اقدام قانونی دائرہ اختیار سے باہر تھا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ ٹیرف عائد کرنے کے لیے کانگریس کی منظوری لازمی ہے اور صدر اس اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں کر سکتے۔ عدالت کے مطابق ٹرمپ نے اپنے اختیارات کو غلط استعمال کیا اور وائٹ ہاؤس کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پاکستان سمیت متعدد ممالک پر ٹیرف عائد کیے۔
فیصلے میں عدالت نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے اس اقدام سے کانگریس کے اختیار میں مداخلت ہوئی اور یہ ملکی آئینی اصولوں کے منافی ہے۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ صدر صرف اسی حد تک ٹیرف عائد کر سکتا ہے جس کے لیے کانگریس نے واضح طور پر اجازت دی ہو۔
