
(ویب ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے 11ہویں ایڈیشن نے آغاز سے قبل ہی تاریخ رقم کر دی ہے جہاں پہلی بار نیلامی ماڈل کے تحت فرنچائزز نے بڑے فیصلے کیے اور آسٹریلوی اسٹار اسٹیو اسمتھ لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن کر سامنے آئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کی نئی فرنچائز سیالکوٹ سٹالینز نے سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو اسمتھ کو ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے،فرنچائز نے اس معاہدے کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا، جس کے ساتھ ہی اس بات کی تصدیق بھی ہو گئی کہ سٹیو اسمتھ پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
رپورٹس کے مطابق سیالکوٹ اسٹالینز نے اسٹیو اسمتھ کو 14 کروڑ روپے میں سائن کیا، جس کے بعد وہ پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس معاہدے نے لیگ کی مالی تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل قائم کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سیزن میں پی ایس ایل کے پلیئرز سلیکشن سسٹم میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے، روایتی ڈرافٹ سسٹم کے بجائے اب نیلامی ماڈل متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت فرنچائزز ہر کیٹیگری سے صرف ایک کھلاڑی کو ری ٹین کر سکتی ہیں جبکہ باقی اسکواڈ نیلامی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : کرکٹ تنازع بھارت کیخلاف آواز اٹھانے کا وقت آگیا ہے : اعصام الحق
