
ملتان: تھانہ شاہ رکنِ عالم کی حدود، حمزہ چوک کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مورخہ 23 جنوری 2026 کو رات گئے پولیس پارٹی گشت، جرائم کی روک تھام اور ناکہ بندی کے سلسلے میں حمزہ چوک پر موجود تھی۔ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد سامنے سے آتے دکھائی دیے، جنہیں رکنے کا اشارہ کیا گیا۔
ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی علیحدہ ہو کر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے دفاع میں ہوائی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوا اور موقع پر قبضہ میں لیا گیا۔ زخمی ملزم محمد اکمل ولد محمد اسلم، قوم کھوکھر، سکنہ علی ٹاؤن پل سیتل ملتان کے طور پر شناخت ہوا۔ اس کے دائیں ہاتھ کے قریب پسٹل برآمد ہوا۔
زخمی ملزم کو ریسکیو 1122 کے ذریعے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ فرار ہونے والے ساتھی کی گرفتاری کے لیے پولیس کارروائی کر رہی ہے۔
ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والی موٹر سائیکل کی تفتیش پر یہ بھی معلوم ہوا کہ وہ مقدمہ نمبر 2178/25 مورخہ 14-11-2025 کے تحت مسروقہ ثابت ہوئی۔ پولیس نے اعلیٰ افسران کو واقعے سے آگاہ کر دیا۔
