
لاہور: گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے ملاقات کی جس میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خطے کی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، تاہم تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد کے لیے ایک پیج پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے اپنے باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ملک کے لیے اتحاد کا مظاہرہ کیا، جو خوش آئند ہے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا ایک مشترکہ ایجنڈا ہونا چاہیے جس میں ملک کی تعمیر و ترقی کو ترجیح دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد ان کے لیے قابلِ احترام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان کو معاشی طور پر ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کیا جائے گا، اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا بھر میں عزت سے نوازا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کامیاب سفارتکاری کی بدولت امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا کامیاب دور شروع ہو رہا ہے، جبکہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کروا کر عالمی سطح پر امن کا پیغام دیا ہے۔
ملاقات کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے کھولنا ایک مثبت اقدام ہے۔ انہوں نے گورنر پنجاب کو عوامی گورنر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام انہیں بے حد پسند کرتے ہیں۔
