ایران نے خطے میں کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز میں فوجی مشقوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق مشقوں کے تناظر میں فضائی حدود کے حوالے سے نوٹم (NOTAM) بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹم کے مطابق 29 جنوری تک آبنائے ہرمز کے اطراف 25 ہزار فٹ سے نیچے پرواز پر پابندی عائد ہوگی۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فوجی مشقیں 9 کلو میٹر کے دائرہ کار میں کی جائیں گی۔
پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی جہاز ایرانی سمندری حدود میں داخل ہوئے تو حملہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر صرف بیانات دیتے ہیں، جبکہ جنگ کا فیصلہ میدان میں ہوتا ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت اور اشتعال انگیزی کو مسترد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
علاقائی صورتحال پر عالمی برادری کی نظریں جمی ہوئی ہیں جبکہ آبنائے ہرمز میں بڑھتی سرگرمیوں نے تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔

