
ویب ڈیسک: امریکی محکمہ خارجہ کے قونصلر امور کے شعبے نے ایران میں مقیم اپنے شہریوں کے لیے نئی سفری ہدایت جاری کرتے ہوئے فوری طور پر ملک چھوڑنے کی تاکید کی ہے۔
جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پیغام سماجی رابطے کے پلیٹ فارم اور سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے نشر کیا گیا، جس میں ایران کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں امریکی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ بغیر تاخیر وہاں سے نکل جائیں۔
بیان کے مطابق اکیس اپریل تک ایران کی فضائی حدود جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہیں، جس کے بعد محدود پروازیں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔
امریکی حکام نے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی ہدایت دیتے ہوئے اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ دستیاب پروازوں کے ذریعے جلد از جلد ایران سے روانہ ہو جائیں۔
محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے میں سکیورٹی کی صورتحال غیر یقینی ہے، اسی لیے شہریوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ہدایت جاری کی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شہری اپنے سفری انتظامات خود کریں اور تازہ صورتحال سے آگاہ رہنے کے لیے سرکاری ذرائع سے رابطے میں رہیں۔
امریکی حکام نے ایک بار پھر تاکید کی ہے کہ ایران میں موجود تمام امریکی شہری کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچنے کے لیے فوری انخلا کو یقینی بنائیں۔
