لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ 8 فروری کو قوم کو اپنے ووٹ، جمہوریت اور آزادی کے تحفظ کے لیے باہر نکلنا ہوگا۔ پنجاب اسمبلی میں پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا ایک انتہائی اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 8 فروری کو ان عناصر کو یاد دلایا جائے گا جنہوں نے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا۔ اگر ملک میں جمہوریت کو زندہ رکھنا ہے تو قوم کو گھروں سے نکلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبہ ساز یہ تاثر دے رہے ہیں کہ جو کچھ 2024 میں ہوا، وہی 2029 میں بھی ہوگا، مگر تحریک انصاف ایسا کوئی نتیجہ قبول نہیں کرے گی۔ اقتدار صرف اور صرف عوام کے ووٹ سے حاصل کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 8 فروری اور اس کے بعد پارٹی ووٹرز اور سپورٹرز کو متحرک کیا جائے گا۔ یہ جنگ بانی پاکستان تحریک انصاف، عدلیہ کی آزادی اور عوام کے بنیادی حقوق کی جنگ ہے، جس میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے ملکی معیشت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین برسوں سے بہتری کے جھوٹے دعوے کیے جا رہے ہیں، صنعتیں بند ہو چکی ہیں، بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور سرمایہ کار ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پاکستان میں قانون اور ووٹ کی کوئی قدر نہیں رہی، مگر اب ہر گلی اور ہر کوچے میں آواز بلند ہوگی اور ہر کارکن اپنے ووٹ کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرے گا۔
اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی پر مبینہ حملے اور ہرجانے کے مقدمے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ آواز دبانے کی کوشش ہے۔ سیاست کا جواب سیاست سے دیا جانا چاہیے اور جھوٹے مقدمات فوری واپس لیے جائیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ 8 فروری تک اور اس کے بعد قوم کو متحرک دیکھیں گے، انقلاب قوم خود برپا کرے گی اور لاہور فسطائیت کا بھرپور جواب دے گا۔

