سیالکوٹ: وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وطنِ عزیز اللہ کے فضل اور شہداء کے خون کی بدولت آج عزت و وقار کے بلند مقام پر فائز ہے۔ قوم کو یہ جاننا چاہیے کہ پاکستان نے گزرے سال ایک بڑی جنگ جیتی ہے۔
سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ میں خوراک اور آپ کے درمیان حائل نہیں ہونا چاہتا، تاہم قوم کے سامنے حقائق رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج نے دشمن کے مقابلے میں بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔
وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ شہداء کی قربانیوں کے باعث آج ملک میں امن قائم ہے اور قوم محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف عملی طور پر پاک فوج جہاد کر رہی ہے، جبکہ صوبائی حکومت کا اس جنگ میں کوئی نمایاں کردار نظر نہیں آتا۔ ان کے مطابق کے پی حکومت اس اہم محاذ پر محض تماشائی بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاک فوج نے دشمن سے پانچ گنا زیادہ طاقتور قوت کو شکست دی۔ وزیر دفاع کے مطابق دشمن کو ایسی فیصلہ کن شکست دی گئی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد مرتبہ اس کا ذکر کیا اور چھ سے آٹھ بھارتی طیارے مار گرائے جانے کی بات سامنے آئی۔
حکومتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آٹھ ماہ قبل پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں 140 ویں نمبر پر تھا، جو اب 98 ویں نمبر پر آ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے، جس میں پاک فوج کا کردار انتہائی اہم اور قابلِ فخر ہے۔

