سوشل میڈیا پر دشمن کے گمراہ کن بیانیے کو ناکام بنانے کے عزم کا اظہار
کراچی : ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر (DG ISPR) نے جامعہ کراچی کا دورہ کیا اور اساتذہ، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔ جامعہ پہنچنے پر شرکاء نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک استقبال کیا، جس کے بعد قومی سلامتی اور عصرِ حاضر کے چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
نشست کے دوران اساتذہ نے غیر تحقیقی معلومات کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بغیر تحقیق کے خبریں پھیلانا معاشرے میں تقسیم اور انتشار پیدا کرتا ہے، جس کا مقابلہ شعور کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ پاک فوج کا تعلیمی اداروں کے ساتھ یہ مکالمہ نوجوانوں کے حوصلے بلند کرنے اور ان کا اعتماد بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
جامعہ کراچی کے طلبہ نے قومی سلامتی کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور مسلح افواج کے درمیان اتحاد ہی دشمن کی ہر چال کا بہترین جواب ہے۔
نوجوان نسل سوشل میڈیا پر ملک کے خلاف کیے جانے والے گمراہ کن پراپیگنڈے اور دشمن کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کر کے اسے ناکام بنائے گی۔طلبہ نے اس بات پر زور دیا کہ وہ ملکی دفاع اور استحکام کے لیے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
شرکاء نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ ہونے والی اس گفتگو کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے رابطوں سے نوجوانوں کو قومی معاملات کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔
