وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں صحت کے نظام میں جدید اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز اب گھر گھر جا کر لوگوں کا علاج کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیلی میڈیسن سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا جس کے تحت ڈاکٹر فون اسکرین پر موجود رہیں گے اور ہر شہری گھر بیٹھے مشورہ حاصل کر سکے گا۔
جھنگ میں کیتھ لیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں کارڈیک سرجری کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پنجاب کے عوام کو ہر قسم کے علاج کی سہولت گھر کی دہلیز پر فراہم کی جائے گی۔
مریم نواز نے بتایا کہ لاہور میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کی تعمیر مارچ سے شروع ہو رہی ہے، جہاں پیچیدہ امراض اور کینسر کے علاج کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ کی کیتھ لیب کو باقاعدہ افتتاح سے پہلے ہی فعال کر دیا گیا تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں 16 کیتھ لیب، کئی کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ اور فیلڈ اسپتال قائم کیے جا چکے ہیں، جہاں مریضوں کو فوری اور معیاری علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 7 لاکھ مریضوں کو انسولین اور دیگر مفت ادویات پہنچا دی گئی ہیں اور ہوم ڈیلیوری میڈیسن کے ذریعے علاج مزید آسان بنایا جائے گا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پیڈ کارڈیک سرجری کے ذریعے 10 ہزار بچے صحت یاب ہو چکے ہیں، اور دیگر صوبوں سے بھی بچے پنجاب میں علاج کے لیے آ رہے ہیں۔ فالج اور دیگر پیچیدہ امراض کے لیے مفت علاج اور جدید ٹیکنالوجی فراہم کی جا رہی ہے۔
ٹیلی میڈیسن کے تحت ہر شہری گھر بیٹھے ڈاکٹر سے مشورہ لے سکے گا اور پنجاب میں مریضوں کے مکمل ہیلتھ پروفائل کو 6 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوام کے علاج میں غفلت کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرے گی اور ہر شہری کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ان کا اولین مقصد ہے۔
مزید معلومات اور تفصیلات کے لیے وزٹ کریں: 👉 www.b42news.tv

