اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
اسلام آباد – ویب ڈیسک، B42 News:
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ملک کے نامور ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 4.40 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا مقصد کاروبار کرنا نہیں بلکہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم نے قربانی دی، غریب نے مشکلات برداشت کیں، اور اب ملک کو معاشی گروتھ کی طرف بڑھنا ہوگا۔
شہباز شریف نے کاروباری برادری سے مشاورت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشی پالیسیاں تاجروں کی تجاویز کے مطابق بنائی جائیں گی۔ انہوں نے سیاسی اور عسکری تعاون سے ملکی ترقی کی راہیں کھلنے کا عندیہ بھی دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی اور دفاعی محاذ پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور معرکہ حق کے بعد پاکستان کا عالمی سطح پر منفرد مقام بن چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی دوروں کے دوران دنیا میں پاکستانی پاسپورٹ کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایوارڈ یافتہ کاروباری افراد کو بلیو پاسپورٹ دیا جائے گا، اور صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی کے اعلان کے بعد سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اب پاکستان کی بات سن رہی ہے اور سرمایہ کاری کے لیے رابطے کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری شفاف انداز میں ہو گی، اصلاحات لائی جا رہی ہیں اور اربوں کے اخراجات کم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ٹیکس اصلاحات پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ براہِ راست ٹیکسز آج ہی کم ہونے چاہئیں، جبکہ ان ڈائریکٹ ٹیکس صارفین سے لے کر آگے جمع کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ہماری ترجیح ہے، اور ڈیجیٹل شعبے میں بھی نمایاں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پی آئی اے کی ترقی کے لیے حکومت بھرپور تعاون کرے گی تاکہ وہ اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل کے خصوصی تعاون سے متعدد اہم معاملات حل کیے گئے ہیں اور پاکستان اتنا مضبوط ہوگا کہ بھارت کو بھی حیرت ہوگی۔

