WebDesk | 27 جنوری, 2026 | 10:24
کراچی/اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹس کی چھپائی کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پیر کے روز مانیٹری پالیسی کے اعلان کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ نئے نوٹس کی تیاری تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور اب صرف کابینہ کی حتمی منظوری کا انتظار ہے۔
گورنر نے کہا کہ منظوری ملتے ہی دو سے تین مختلف مالیت کے نوٹس ایک ساتھ چھاپے جائیں گے۔ تاہم نئے نوٹس فوری طور پر مارکیٹ میں نہیں آئیں گے بلکہ مرحلہ وار عوام کے لیے جاری کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں اتنی تعداد میں نوٹس شائع کیے جائیں گے کہ پرانے نوٹس آہستہ آہستہ تبدیل کیے جا سکیں۔
جمیل احمد نے یہ بھی واضح کیا کہ اسٹیٹ بینک نئے نوٹس کی فراہمی مناسب مقدار میں یقینی بنائے گا تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مرکزی بینک کے پاس مطلوبہ ذخیرہ موجود ہونے تک نئے نوٹس گردش میں نہیں لائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی تک یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ سب سے پہلے کون سی مالیت کے نوٹس متعارف کروائے جائیں گے۔ اس وقت ملک میں 10، 20، 50، 75، 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے نوٹس زیر استعمال ہیں، جن میں سے چند کو نئے ڈیزائن کے ساتھ مرحلہ وار بدلا جائے گا۔

