
راولپنڈی:سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے اضلاع اورکزئی اور خیبر میں دو کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی ‘فتنہ الخوارج’ سے تعلق رکھنے والے 24 خارجیوں کو ہلاک کر دیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، پہلی کارروائی ضلع اورکزئی میں خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 خارجی جہنم واصل کر دیے گئے۔دوسرا آپریشن ضلع خیبر میں کیا گیا، جہاں فورسز نے مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے مزید 10 خارجیوں کو نشانہ بنایا اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا۔
یہ تمام دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں چلنے والے نیٹ ورک کا حصہ تھے جو ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے تھے۔ یہ کارروائیاں وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت جاری نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہیں۔
علاقے میں کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن تاحال جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ غیر ملکی پشت پناہی سے چلنے والی دہشت گردی کی لعنت کو ملک سے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک آپریشنز پوری قوت سے جاری رہیں گے۔
