سلیکان ویلی: بل گیٹس نے نئی دہلی میں منعقد ہونے والی انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ میں اپنا کلیدی خطاب منسوخ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بل گیٹس کی فلاحی تنظیم گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے خطاب کی منسوخی کا اعلان اس وقت کیا گیا جب وہ سمٹ میں مرکزی مقرر کے طور پر شریک ہونے والے تھے۔

فاؤنڈیشن کے بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ غور و فکر کے بعد کیا گیا تاکہ سمٹ کی ترجیحات پر توجہ برقرار رہے۔ تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
بل گیٹس کی عدم شرکت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں امریکی محکمہ انصاف کی دستاویزات میں مرحوم امریکی سرمایہ کار جیفری ایپسٹین کے ساتھ ان کے روابط کا ذکر دوبارہ خبروں کی زینت بنا۔
ترجمان کے مطابق ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں اور بل گیٹس کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں پائے گئے۔ سمٹ میں اب فاؤنڈیشن کے افریقہ اور بھارت کے صدر انکور وورا خطاب کریں گے۔
تنظیم نے واضح کیا ہے کہ وہ بھارت میں صحت، تعلیم اور ترقی کے شعبوں میں اپنے کام کے لیے پُرعزم ہے۔
واضح رہے کہ پانچ روزہ انڈیا اے آئی سمٹ میں 100 سے زائد ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔ سمٹ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے بھی خطاب کیا اور مصنوعی ذہانت کو سب کے لیے قابل رسائی بنانے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی پولیس نے بادشاہ چارلس کے بھائی اینڈریو ماؤنٹ بیٹن کو گرفتار کر لیا
یہ سمٹ بھارت کو عالمی اے آئی مرکز کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کا حصہ قرار دی جا رہی ہے۔ تاہم ابتدائی دنوں میں بعض انتظامی مسائل اور تنازعات بھی سامنے آئے۔
